”گوادر پورٹ معاہدے سے پاکستان چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے“

Feb 21, 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین شیخ عبدالوحید صندل اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عرفان قیصر شیخ نے پاکستان اور چین کے مابین گوادر پورٹ کے معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور چین کے مابین مزید مضبوط روابط قائم ہونگے۔ پاکستان کو سالانہ 500 ارب ملیں گے جس سے معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود توانائی بحران کو دور کرنے کے لئے چائنہ کے سرمایہ کار پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کو ممکن بنا سکتے ہیں اور پاکستان چین کی دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا دنیا کو گوادر بندرگاہ کی صورت میں نیا گیٹ مل جائیگا جبکہ افغانستان اور سینٹرل ایشیاءتک سامان کی نقل و حمل کو بھی کم نرخوں پر ہو سکے گی۔ طارق سعید نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تجارتی لین دین کو فروغ دینے کے لئے دوطرفہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے جس کے لئے ایف پی سی سی آئی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ دریں اثناءپاک چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی صدر شا ہ فیصل آفریدی نے گوادر پورٹ کی چائنہ حوالگی کے معاہدے کو سراہتے ہوئے اسے ملکی معیشت کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

مزیدخبریں