اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔امریکی سفیر نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور امریکہ اپنے تعلقات کو اصولوں باہمی مفاد اور ایک دوسرے کے احترام کی بنیاد پر آگے بڑھائیں گے۔امریکی سفیر گزشتہ شام یہاں امریکی سفارت خانہ میں امریکی یوم صدر کے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دونوں کو مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے اور دونوں ان سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں۔پاکستان اور امریکہ دونوں کو ترقی خوشحالی اور علاقے میں استحکام کے امکانات کو عملی شکل دینے کے لئے کوششیں کرنا چاہئیں تاکہ پاکستان افغانستان اور پورے علاقے میں امن قائم ہوسکے۔امریکی سفیر نے کہا کہ افغانستان کا مستقبل پاکستان اور امریکہ دونوں کے لئے بہت اہم ہے۔ افغانستان میں دیرپا اور مستحکم امن کے قیام کے لئے پاکستان اور امریکہ مل کر بہت کام کرسکتے ہیں۔دونوں افغانستان میںمفاہمت اور بات چیت کے ایسے عمل کی حمایت کرتے ہیں جس کا افغان حکومت نے آغاز کیا ہے ہمیں افغانستان کی اس سلسلے میں مشترکہ طور پر مدد کرنی چاہئے تاکہ وہاں مستقل طور پر امن قائم ہوسکے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ 2014 کے بعد بھی افغانستان اور اس خطے میں دلچسپی لیتا رہے گا افغانستان میں ہماری موجودگی کی نوعیت بدل سکتی ہے لیکن امریکہ پاکستان میں افغانستان کو چھوڑ کر نہیں جائے گا۔تاریخ کا سبق یہ ہے کہ اس خطے سے لاتعلق ہوجانا امریکہ اور عالمی مفادات کے خلاف ہوگا۔یہ کوئی راز کی بات نہیں کہ پاکستان اور امریکہ دونوں مشکل مرحلوں سے گزرے ہیں۔ایسی صورتحال بہت قریبی دوستوں میں پیدا ہوتی رہتی ہے۔ہمارے اختلافات ہوتے رہے ہیں لیکن پاکستان اور امریکہ کے تعلقات گزشتہ 60برس میں قائم رہے۔ان تعلقات کی بنیاد باہمی مفادات‘ جمہوریت امن اور خوشحالی ہے جو پاکستان اور امریکی عوام دونوں کی خواہش ہے۔امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدت پارٹنر شپ قائم کرنا چاہتا ہے۔