نگران وزیراعظم کا معاملہ اتنامعنی خیز نہیں،عالمی برادری کو پاکستان میں لبرل جمہوری قوتوں کی حمایت کرنا ہو گی۔ قمر زمان کائرہ

اسلام آباد میں سیمینارسےخطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کا کردار محدود اور صرف روزانہ کے امور سے متعلق ہے۔ قائد ایوان کی قائد حزب اختلاف سے مشاورت ملک اور جمہوریت کیلئے بہت اہم ہے۔ قائد حزب اختلاف نے وزیراعظم سے مشاورت نہ کی تو یہ جمہوریت کی بدقسمتی ھوگ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمشہ آمروں کی تمام مہذب ممالک نے حمایت کی،اب دنیا کو پاکستان میں لبرل جمہوری قوتوں کی حمایت کرنا ہو گی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اینٹی پاکستان قوتیں اپنے کھیل کھیلتی ہیں، اس پر فکر کرنےکی ضرورت نہیں، ہمارے ادارے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک بہت سی مشکلات سے دوچار ہے، کچھ اپنی پیدا کردہ ہیں تاہم زیادہ تر مشکلات ہم پر مسلط کی گئی ہیں۔ پاک افغان حالات دنیا کے امن کیلئے بہت اہم ہیں، دنیا نے پاکستان میں انتہا پسندی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا، طالبان اپنا مائنڈ سیٹ ہم پر نافذ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کےخلاف جنگ ہر صورت جیتنا ہوگی کیونکہ اگر ہم ہارے تو یہ پوری دنیا کی ہار ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن