وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں منقعدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پینسٹھ سال پہلے قیام پاکستان کیلئے یہاں آباد تمام مذاہب کے لوگوں نے مشترکہ جدوجہد کی مگراب افسوس یہ کہ کلمہ گو ہی ایک دوسرے کا گلہ کاٹنے میں مصروف ہیں ، بدقسمتی ہے کہ مرنے اورمارنے والا دونوں ہی مسلمان ہیں ۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد حکومت خواہ کسی کی بھی بنے دہشت گردی کے عفریت اور بدعنوانی کے ناسور پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ توانائی کے بحران کو حل کرنے اور ڈوبتی ہوئی ملکی معشیت کو بچانے کیلئے قومی اتفاق رائے پر ایسی پالیسی تشکیل دینا ہوگی جسے کوئی تبدیل نہ کرسکے۔ وزیراعلٰی نے اس موقع پر مسلم لیگ نون میں شامل ہونے والے پیپلز پارٹی کے ارکان پر میڈیا کی جانب سے کی جانے والی تنقید کی بھی مذمت کی انکا کہنا تھا یہ لوگ ہارس ٹریڈنگ کرکے نہیں بلکہ اپنی نشستوں سے مستعفی ہو کر نون لیگ میں آئے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ قوم کوآئندہ عام انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے ملک کوقائد اوراقبال کا پاکستان بنانا ہوگا۔