جہلم : سیمنٹ سے بھرا ٹرک الٹنے سے چار خواتین اور بچے سمیت سات دب کر جاں بحق

Feb 21, 2014

جہلم (نامہ نگار)  پنڈدانخان سے  سیمنٹ کے تھیلوں سے بھرا ٹرک ٹائی راڈ کھلنے سے بس سٹاپ پر کھڑی خواتین پر الٹ گیا۔ ٹرک تلے دب کر 5 خواتین اور ایک بچے سمیت 7 افراد جاں بحق اور ٹرک ڈرائیور اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پی ڈی خان میں واقع غریب وال سیمنٹ فیکٹری سے لاہور سیمنٹ لے جانے والا ٹرک نمبر LPT4286موضع ملک پور کے قریب پہاڑی کا موڑ کاٹتے ہوئے ٹائی راڈ کھلنے سے بے قابو ہو کر ملک پور بس سٹاپ پر بس کے انتظار میں کھڑی خواتین پر الٹ گیا ،ٹرک اور سیمنٹ کے تھیلوں تلے دب کر ملک پور کی رہائشی 4خواتین مسرت بیگم ، شازیہ، انور بیگم ، چھ ماہ  کا معصوم بچہ اسماعیل اور 2 مزدور جاںبحق ہو گئے، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور اہل علاقہ کے ساتھ ملکر ٹرک اور سیمنٹ تلے دب کر ہلاک ہونے والی خواتین، بچے اور دو مزدوروں کی نعشیں نکالی،  اہل علاقہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی خواتین نے جہلم شہر آنا تھا جو بس کے انتظار میں سڑک کنارے بیٹھی تھیں، اہل علاقہ نے پنڈ دادنخان جہلم روڈ کے درمیان بلڈوزر رکھ کرروڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا پانچ گھنٹے سے زائد ٹریفک بلاک رہی، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ہائی وے کے افسران اور ٹرک مالک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ڈی سی او جہلم مرزا محمودالحسن نے سات ہلاکتوں پر سیکرٹری آر ٹی اے سے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی۔

مزیدخبریں