اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف کی برطرفی کیخلاف درخواست پر وزیراعظم نوازشریف ‘ نجم سیٹھی‘ وزارت بین الصوبائی رابطہ سمیت کرکٹ بورڈ کے دیگر حکام کو جواب طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس نورالحق قریشی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر احمد نواز خان کی جانب سے سابق چیئرمین ذکا اشرف کی معطلی اور نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے شہریار خان، ظہیر عباس، نوید اکرم چیمہ اور یوسف ندیم کھوکھر کو بھی جواب طلبی کے نوٹس جاری کرکے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر احمد نواز خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا ہے ذکا اشرف کی برطرفی قانون کے منافی ہے ان پر بدعنوانی کا الزام نہیں۔ نجم سیٹھی کی تقرری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔