ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے 31 سالہ میجر جہانزیب عدنان کی نماز جنازہ گزشتہ روز آرمی گراؤنڈ ملتان میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے پڑھائی جس میں کور کمانڈر ملتان لاگ ایریا، ریجنل پولیس آفیسر، معززین شہر اور شہید کے عزیز و اقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بعدازاں میجر جہانزیب کے والد‘ والدہ اور بہن بھائیوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہمیں میجر جہانزیب کی شہادت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا قیام پاکستان کے وقت جو قربانیاں ہمارے بزرگوں نے دیں آج کی قربانی بھی اسی پاکستان کی سلامتی و بقاء کے لئے ایک تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا آج شہید کی نماز جنازہ پر ہر طرف انسانوں کا سمندر دیکھ کر دہشت گردوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ شکست کھا چکے ہیں۔خاتون رپورٹرکے مطابق پشاور میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے شہید میجر جہانزیب عدنان کی اہلیہ سائرہ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بڑی بچی مجھ سے سوال کرتی ہے میرے بابا تو میجر تھے انہیں شہید کیوں کیا جا رہا ہے جبکہ درمیان والا بیٹا رشتے داروں کو روتے دیکھ کر رونے لگتا ہے، چھوٹے بیٹے کی بھی یہی کیفیت ہے۔ بڑی بیٹی کے سوال پر خواتین رونے لگیں تو بچی نے بھی چیخیں مارنا شروع کر دیں جس پر شہید کے بچوں کو ان کے ننھیال گھر واقع ملتان کینٹ بھجوا دیا گیا۔