دہشت گردی کیخلاف لڑنے کی پاکستانی صلاحیت بڑھانے کیلئے بات چیت کر رہے ہیں: امریکہ

Feb 21, 2014

واشنگٹن (نمائندہ  خصوصی) امریکہ نے کہا ہے کہ اہم اتحادی ملک پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال پر اسے گہری تشویش ہے اور وہ دہشت گردی سے لڑنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے اسلام آباد سے بات چیت کر رہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف نے یہاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکیورٹی کی خراب صورتحال کے باعث سب سے زیادہ شہری متاثر ہو رہے ہیں جو ہمارے لئے تشویشناک ہے۔ ہم انسداد دہشت ردی کی کوششوں اور اسکے خلاف لڑنے کی صلاحیت بڑھانے کیلئے پاکستانی حکومت سے مسلسل بات چیت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہمارے اہم اتحادی ہیں جو افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے امریکی کوششوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ امریکہ پاکستان کی ان کوششوں کو سراہتا ہے جو وہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیا کے جوہری پڑوسیوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

مزیدخبریں