ورلڈکپ کا بڑا میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ دنیائے کرکٹ کو اس بڑے میچ کا شدت سے انتظار تھا کہ کانٹے دار مقابلہ ہو گا مگر انگلینڈ کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 123 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی۔ ساؤتھی نے 33 رنز دے کر 7 وکٹ حاصل کیں جو ورلڈکپ کرکٹ میں ایک ریکارڈ ہے۔ میکلم نے صرف 25 گیندوں پر 77 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ انگلینڈ کی خراب کارکردگی کی بڑی وجہ نیوزی لینڈ میں چلنے والی تیز ہواؤں کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے اور یہاں کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی ہی بادشاہت چلتی ہے۔ نیوزی لینڈ کو وہاں ہرانا کسی ٹیم کیلئے معجزے سے کم نہیں ہو گا۔ کیویز میں سیمی فائنل تک جانا یقینی لگتا ہے اور دوسری جانب آسٹریلیا کا بھی یہی حال ہے اس کو بھی اپنی گراؤنڈ پر برتری حاصل ہے۔ اپنی اپنی گراؤنڈوں کے علاوہ بھی دونوں ٹیمیں مضبوط ہیں اور یہ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔ آج پاکستان کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہے۔ لیگ سپنر یاسر شاہ جیت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کاغذوں پر پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز سے مضبوط ٹیم ہے اور انشااللہ پاکستان کی جیت کے امکانات روشن ہیں۔