حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) بھٹہ مزدور یونین کا اہل خانہ اور معصوم بچوں سمیت مطالبات کے حق میں ڈی سی او آفس میں مسلسل دو دن سے دھرنا جاری، معمر خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں مزدور رات بھر سخت سردی اور بارش میں بھیگتے رہے، کئی بچے بیمار ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق بھٹہ مزدور یونین نے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ ایک ہفتہ سے ہڑتال کررکھی ہے۔ مطالبات منظو ر نہ ہونے کے باعث سینکڑوں مزدوروں نے خواتین اور معصوم بچوں سمیت جمعہ کے روز سے ڈی سی او آفس میں دھرنا دے رکھا ہے اور بھوکے پیاسے سخت سردی اور موسلا دھار بارش کے باوجود رات وہاں گزار کر دوسرے دن بھی دھرنا جاری رکھا ہوا ہے اس موقع پر مزدور نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھٹہ مزدوروں کو کچی اینٹ بنانے کی فی ہزار مزدوری 735روپے سے بڑھا کر حکومتی مقرر کردہ ریٹ 962 روپے دی جائے، صدر یونین غلام عباس حیدری نے کہا کہ بھٹہ مالکان مزدوروں کا استحصال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہزاروں مزدور خواتین اور بچوں سمیت حافظ آباد سے گوجرانوالہ تک پیدل مارچ کرکے کمشنر آفس میں دھرنا دیں گے۔