حکومت مردم شماری کرانے میں سنجیدہ نہیں‘جمہوریت خطرے میں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے : مولا بخش چانڈیو

Feb 21, 2016

کراچی (آن لائن) سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا پاکستان اور جمہوری اداروں کے ساتھ رویہ ٹھیک نہیں ہے اور موجودہ حکومت جمہوریت کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کررہی ہے جس کا خمیازہ صرف مسلم لیگ (ن) کو ہی نہیں پوری قوم اور جمہوریت کو بھگتنا پڑے گا، مردم شماری ایک آئینی تقاضہ ہے لیکن حکومت اسے پورا کرنے میں سنجیدہ نہیں اسی صورتحال کے پیش نظر حکومت سندھ نے اتوار کو آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے تاکہ سندھ کی تمام سیاسی قوتیں مل کرایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرسکیں ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی بھی چھوٹے صوبوں کو اہمیت نہیں دی۔ مشیر اطلاعات نے کہا بلوچستان والوں نے صاف کہہ دیا ہے مہاجرین کو ان کے صوبے سے نکالا جائے کیونکہ ایسا نہ ہوا تو ان کو خدشہ ہے وہ اقلیت میں تبدیل ہو جائیں گے۔ یہی صورتحال سندھ میں بھی ہے اور سندھیوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا وہ اردو بولنے والوں کی بات نہیں کررہے ان کا مرنا جینا یہیں ہے اس لئے انہیں ہم سندھی ہی تصور کرتے ہیں البتہ سندھ میں رہنے والے غیر ملکی باشندوں اور مہاجرین جن کا اس دھرتی سے تعلق نہیں ہے ان کی رجسٹریشن کا ایک طریقہ کا ر وضع کیا جاسکتا ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیر مملکت برائے بجلی عابد شیر علی کھلے عام سندھ کو دھمکیاں دیتے ہیں انہوں نے حیدرآباد میں شہر کے بہت سے علاقوں کی بجلی بند کرادی اور ٹرانسفارمرز اتاروا دئیے۔ مشیر اطلاعات نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو بڑے شیریں انداز میں گفتگو کرتے ہیں۔

مزیدخبریں