اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور افغانستان نے باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں شامل مصنوعات کی منفی فہرست کو ختم کرنے کا ٖفیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹی آئی آر کنونشن کو نئے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں تبدیل کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآڈینیشن اتھارٹی کی چھٹی میٹنگ اسلام آباد میں ہوئی۔ ٹی آئی آر کنونشن کو نئے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں تبدیل کرنے سے پاکستان کو افغانستان کے راستے ایشیائی ممالک تک تجارتی رسائی حاصل ہوجائیگی۔ اس حوالے سے افغانستان 15 مارچ تک افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآڈینیشن معاہدہ میں ترمیم کرکے نیا مسودہ بھی دیگا۔ دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے کاروباری حضرات کے ویزا مسائل ،روڈ پرمٹ اور ٹی آئی آر کنونشن پر عملدرآمد کیلئے پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر قائم کیا جائیگا جو ان مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے تجاویز دیگا۔