پٹھان کوٹ ائر بیس واقعہ کی تحقیقات شروع : پاکستانی ٹیم اگلے ماہ بھارت جائیگی

Feb 21, 2016

لاہور + اسلام آباد (اشرف جاوید / دی نیشن رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) اعلیٰ سطح کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے پٹھانکوٹ ائربیس کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے ایک اہلکار نے تصدیق کرتے ہوئے دی نیشن کو بتایا کہ وزیراعظم کے حکم پر بنائی گئی جے آئی ٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے پہلا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں کیس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تحقیقات کے قریبی حلقوں کے مطابق 4 مشتبہ افراد پہلے ہی زیرحراست ہیں۔ تحقیقات بھارت کی جانب سے دی گئی معلومات کی روشنی میں کی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے دیئے گئے 5 میں سے 3 فون نمبر کام نہیں کر رہے۔ ادھر وزارت داخلہ کے ذرائع کاکہنا ہے کہ نوٹیفکیشن کے بعد مقدمے کی باقاعدہ تفتیش کا آغاز کیا گیا ہے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی نقل سی ٹی ڈی گوجرانوالہ کو فراہم کی گئی ہے۔ حملہ کرنے والے افراد کی شناخت کی تفصیلات فی الحال پاکستان کے پاس نہیں ہیں۔ بھارت کے مطابق 4 دہشت گرد مبینہ طور پر سیالکوٹ اور نارووال سے سرحد پار کرکے گئے تھے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پٹھانکوٹ واقعہ کی تفتیش کیلئے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم آئندہ ماہ بھارت کا دورہ کرے گی جو پٹھانکوٹ حملہ میں جیش محمد کے واقعہ میں ممکنہ طورپر ملوث ہونے کے ثبوت اکٹھے کرے گی۔ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کی قیادت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر کریں گے۔ تحقیقاتی ٹیم بھارتی وزارت دفاع کی اجازت سے پٹھانکوٹ ایئربیس کا بھی دورہ کرے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پٹھانکوٹ ایئربیس کے سربراہ ائر آفیسر کمانڈنگ دھاموم کا نئی دہلی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق ایک ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک یہ ابہام ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد کتنی تھی۔

مزیدخبریں