لاہور/ راولپنڈی/قصور/حافظ آباد (نیوز ایجنسیاں+نامہ نگاران) پاک فوج کے ایف آر ٹانک میں آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب تحریک طالبان پاکستان کے عصمت اللہ شاہین بٹیانی گروپ کے چار دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ایف آر ٹانک کے پنگ علاقے میں انفارمیشن بیس آپریشن کیا۔ اس دوران فوج کو انتہائی مطلوب خطرناک چار دہشت گرد مارے گئے جن کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے عصمت اللہ شاہین بٹیانی گروپ سے ہے مارے گئے دہشت گردوں میں کمانڈر زمان عرف طوفان، نائب کمانڈر عمر ، کمانڈر وصی اللہ اور کمانڈر ظلم دین عرف ظلمت شامل ہیں، چاروں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ گروپ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور گردونواح کے علاقہ میں قتل عام، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کے واقعات میں ملوث تھا عصمت اللہ شاہین بٹیانی ٹی ٹی پی شورٰی کا ایک اہم ممبر تھا جس کو 2014کے دوران ٹی ٹی پی کے دوسرے گروپ نے اپنی اندرونی لڑائی کے دوران ہلاک کیا تھا۔سکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر عصمت اللہ کا بیٹا بھی شامل ہے۔ اے این این کے مطابق حالیہ بم دھماکوں کے بعد ملک بھر میں شدت پسندوں اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خلاف آپریشن تیزکردیا گیا اور مزید سینکڑوں افراد گرفتار کر لئے گئے۔ سرچ آپریشنز میں صوابی سے 244 مشتبہ افراد، کوئٹہ سے 35 افغان باشندے، منڈی بہائو الدین سے143، راولپنڈی سے 87، حافظ آباد سے 16 اور ڈیرہ غازیخان سے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے سکیورٹی فورسز نے ڈھائی سو افراد کو حراست میں لے لیا۔ راولپنڈی کے علاقوں راول ٹائون، ڈبل روڈ، کمرشل مارکیٹ، وارث خان، کینٹ اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کئے گئے، اس دوران ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز سے نامکمل کوائف رکھنے والے 87 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ میاں چنوں سے درجنوں افراد کی بائیو میٹرک مشین سے چیکنگ کی اور دو اشتہاریوں سمیت متعدد افراد گرفتار کر لئے۔ میانوالی میں سرچ آپریشن کے دوران 65 مشکوک افراد کو زیر حراست لیا گیا ۔چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق قالین فروخت کرنے والا مشتبہ افغانی اسلحہ سمیت پکڑا گیا، پاک پتن سے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 10مشتبہ افراد حراست میں لے لیے گئے۔ ستراہ سے نامہ نگار کے مطابق حساس اداروں اور سٹی پولیس نے کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے 17مشکوک افغان گرفتار کر لئے۔ سیالکوٹ میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن میں درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ بہاول نگر سے نمائند ہ نوائے وقت کے مطابق سر چ آپریشن میں 10 مشکوک افراد کو سیکورٹی اداروں نے مزید تفتیش کیلئے اپنی حراست میں لے لیا۔ آئی این پی کے مطابق باجوڑ ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائیاں کیں، ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو گرفتار اور لاہور خودکش دھماکے کے سہولت کار انورالحق کا مکان قبائلی روایات کے تحت مسمار کردیا گیا۔ افغانستان میں روپوش درجنوں عسکریت پسندوں کے مکانات بھی سیل کردیئے گئے۔ آئی این پی کے مطابق افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس نے پاکستان سے واپس آنے والے طالبان رہنما ملا نجیب کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ این ڈی ایس کا دعویٰ ہے ملا نجیب کو پاکستان کے سفر سے واپسی پر لوگر صوبے سے گرفتار کیا گیا۔جبکہ ملک بھر میں آپریشن کے دوران 650 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔صباح نیوز کے مطابق کراچی کے بعد پشاور میں بھی سکیورٹی خدشات کے باعث ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کردی ہے جبکہ اسلحہ کی نمائش اور گاڑیوں کے کالے شیشوں پر بھی ایک ماہ کے لئے پابندی عائد رہے گی۔بیورورپورٹ کے مطابق پشاور سے ملحقہ خیبر ایجنسی کے علاقہ شاکس میں ایف سی اہلکاروں نے بڑی مقدار میں بارودی مواد ناکارہ بنا دیا جس کی آواز حیات آباد اور ملحقہ علاقوں میں سنی گئی جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ نے خیبرایجنسی میںلوئر شلمان کا دورہ کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کو موجودہ سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔ کور کمانڈر پشاور نے الگے مورچوں پر تعینات فوجیوں کی آپریشنل کارکردگی اور حوصلے پر اظہار اطمینان کیا ۔نامہ نگاران کے مطابق حافظ آباد میں پولیس، ایلیٹ فورسا، حساس اداروں کے کومبنگ آپریشن کے دوران 27 افغان پکڑے گئے جب کہ 73 مشتبہ افراد کی جانچ پڑتال کی گئی قصور سے 13 مشتبہ افراد اور 4 خطرناک اشتہاریوں سمیت 29 ملزم پکڑے گئے۔ ننکانہ صاحب سے 29 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ فیروزوالا اور مریدکے سے 15 مشکوک افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں مبینہ پولیس مقابلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔