شارجہ + لاہور + اسلام آباد (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) پاکستان سپر لیگ مینجمنٹ اور فرنچائزر کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ میگا ایونٹ کا فائنل لاہور میں ہی کرایا جائے گا۔ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی اور پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت اجلاس شارجہ میں ہوا جس میں پی ایس ایل کی پانچوں فرنچائزر کے مالکان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر اصولی اتفاق ہوا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کو لاہور میں واپس لے جایا جائے جس کی تمام فرنچائزر مالکان نے بھرپور سپورٹ کی اور ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور میں کرانے سے انٹرنیشنل کرکٹ کے بند دروازے کھلنے میں مدد ملے گی۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس بات کی دلی خوشی ہوئی ہے کہ تمام فرنچائزر اس بات پر متفق ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ تمام فرنچائز مالکان کا پی ایس ایل کو پاکستان میں کروانے کے لیے بے لوث جذبہ انتہائی خوش آئند ہے اور انشاء اللہ یہ فائنل پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور غیرملکی ٹیموں کی آمد کے دروازے کھولنے کا سبب بنے گا۔ ہم سب اس مشن کے لیے پُرعزم ہیں اور امید ہے کہ لاہور میں شاندار فائنل دیکھنے کو ملے گا۔پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لئے 50 غیر ملکی کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کر دی ۔ لاہور میں فائنل کھیلنے کے لیے ہر غیر ملکی کرکٹر کو اضافی 10 سے 50 ہزار ڈالرز کی پیشکش کی گئی ہے۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق فائنل کے موقع پر فوج اور رینجرز کے جوانوں کی تعیناتی زیرغور ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق سکیورٹی سے متعلق انٹیلی جنس اداروں سے رپورٹس مانگ لی گئی ہیں جنہیں مدنظر رکھ کر ہی سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق 50 غیر ملکی کھلاڑیوں نے اس میگا ایونٹ کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کی ہے، فہرست میں وہ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں جو پی ایس ایل کے رواں سیزن میں ٹیموں کا حصہ نہیں ہیں۔ان کھلاڑیوں میں سری لنکا کے جیون مینڈس، کوشل مینڈس، ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی فیڈل ایڈورڈز، انگلینڈ کے اویس شاہ اور برطانیہ میں مقیم پاکستان کے یاسر عرفات بھی شامل ہیں۔زمبابوے کے سابق کپتان برینڈن ٹیلر ، ایلٹن چیگمبرا اور ویسٹ انڈیز کے سلیمان بین بھی شامل ہیں۔ فائنل کیلئے الگ ڈرافٹنگ میں ٹیمیں دستیاب پول میں سے غیرملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔ پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ فائنل میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہی ہو گا اور تقریبا 50 غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی فائنل میچ دیکھنے کیلئے لاہور آئیں گے۔ گرین سگنل دینے والوں میں جیون مینڈس، کوشیل مینڈس، فیڈل ایڈورڈز، اویس شاہ، ٹیلر، ایلٹن چیگمبرا، سلیمان بین، وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی ہونگے۔دوسری طرف وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل کو لاہور میں کرانے کے لئے سکیورٹی کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ پاکستان ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی بھی لاہور آئیں۔ وہ گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ لاہور میں فائنل ہوگا اور اس وقت وہ تمام خدشات دور ہوجائیں گے جن کا مختلف لوگوں کی طرف سے اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
لاہور (فرخ سعید خواجہ) پی ایس فائنل ٹو کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں کروانے کیلئے سول و عسکری قیادت سے گرین سگنل حاصل کیا گیا تھا۔ ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی قیادت کا اتفاق رائے ہے کہ ملک کو دہشت گردوں کے ہاتھ یرغمال نہیں بننے دیں گے بلکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نیست و نابود کردیا جائے گا۔ جہاں جہاں دہشت گرد پائے جائیں گے اُن کو نشان عبرت بنا دیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے پے درپے حملوں کے بعد سول و عسکری قیادت نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ سندھ کی طرح پنجاب میں رینجرز کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اختیارات دینے اور پہلے سے کام کرنے والے اداروں سمیت سی ٹی ڈی مل کر دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ فائنل کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔