افغانستان میں امن‘ استحکام کیلئے سیاسی مذاکرات ہی واحد حل ہے : طارق فاطمی

Feb 21, 2017

سلام آباد(سٹاف رپورٹر + صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ برائے افغانستان تادامیچی یاماموٹو اور آسٹریلین سفیر برائے انسداد دہشت گردی پاﺅل فولی نے الگ الگ ملاقات کی ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان نے کہا ہے کہ موثر بارڈر منیجمنٹ کے لئے افغان تعاون کی ضرورت ہے۔ سیاسی مذاکرات کا راستہ ہی افغانستان میں امن و استحکام قائم کرنے کیلئے واحد قابل عمل حل ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے چار فریقی رابطہ گروپ ایک موثر فورم ہے۔ معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے افغانستان کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے تادامیچی یاماموتو سے گفتگو کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ دوران ملاقات افغانستان کی صورتحال اور وہاں دیرپا امن و استحکام کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان کی خواہش افغانستان میں دیرپا امن ہے جس کے لئے پاکستان، افغانستان کی حکومت کے ساتھ روابط مضبوط بنانے سمیت انسداد دہشت گردی بشمول مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ اس سے قبل ایمبیسیڈر یاماموتو نے افغانستان میں دیرپا سلامتی و استحکام کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور افغانستان میں امن و ترقی کے لئے اقوام متحدہ کی طرف سے جاری مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ آسٹریلیا کے سفیر برائے انسداد دہشت گردی پال فولے نے بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے ملاقات کی۔ طا ارق فاطمی نے انہیں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوششوں اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے عزم کے بارے میں بتایا۔آسٹریلیا کے نمائندوں نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ہونے والے جانی نقصانات پر تعزیت کی۔
طارق فاطمی

مزیدخبریں