لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں مہیا کرنے کے لےے سرکاری ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کے علاوہ لاہور کے ہسپتالوں پر ورک لوڈ کم کرنے کے لئے دیگر شہروں میں نئے ہسپتال تعمیر کررہی ہے اور گذشتہ تین سال کے دوران ہسپتالوں میں کئی ہزاربستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کو ماڈل شفاءخانہ بنایا جا رہاہے تاکہ شاہدرہ اور اسکے گردونواح کے عوام کو مقامی سطح پر بہترین طبی سہولیات میسر آسکیں۔اُنہوں نے یہ با ت آج صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں 10 نئی ڈائلسز مشینوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ خواجہ عمران نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوشش ہے کہ اہل شاہدرہ کو علاج معالجے کیلئے راوی کا پل کراس کرکے لاہور کے ہسپتالو ں کا رخ نہ کرنا پڑے اور تمام سہولیات گورنمنٹ شاہدرہ ہسپتال میں دستیاب ہوں۔ ملک ریاض ایم این اے نے کہا گورنمنٹ شاہدرہ ہسپتال وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کا شاہدرہ کے غریب عوام کیلئے عظیم تحفہ ہے۔
”لاہور کے ہسپتالوں پر ورک لوڈ کم کے لےے دیگر شہروں میں نئے ہسپتال تعمیر کرر ہے ہیں“
Feb 21, 2017