جماعت اسلامی کراچی کا ”تحریک حقوق کراچی“ شروع کرنے کا اعلان

کراچی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ”تحریک حقوق کراچی“ شروع اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ڈی جی نادرا کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کررہے ہیں لیکن یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ نادرا کے تمام میگا سینٹرز اور دیگر دفاتر اور اس میں تعینات عملے کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور آج کی ملاقات میں کئے گئے وعدے پورے نہ ہوئے اور یقین دہانیوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ہم دوبارہ آئیں گے اور اس سے زیادہ شدت کے ساتھ احتجاج کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی نادرا کے آفس کے باہر احتجاجی دھرنے سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں جماعت اسلامی کے شہر ی و بلدیاتی امور کے نگراں اور پبلک ایڈ کمیٹی کے سربراہ سیف الدین ایڈوکیٹ کی قیادت میں ایک وفد نے ڈی جی نادرا سے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کی جانب سے چارٹرآ ف ڈیمانڈ پیش کیا۔ڈی جی نادرا نے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ڈی جی نادرا نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ 45 دنوں میں موجودہ میگا سینٹر میں عملہ سو فیصد بڑھادیا جائے گا‘ نئے میگا سینٹرز کےلئے ٹینڈرز کر دئیے گئے ہیں اور نئے میگا سینٹر کھولے جائیں گے۔ ڈی جی نادرا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جن کا پہلے سے شناختی کارڈ موجود ہے اس کا شناختی کارڈ بغیر کسی رکاوٹ کے ری نیو ہو جائے گا اور نئے ایس او پی میں 16-A کے قانون کا اطلاق نہیں ہو گا‘ 10 نئی موبائل سروس شروع کی جائیں گی اور بزرگوں اور ضعیف مرد و خواتین کے شناختی کارڈ ان کے علاقوں میں جاکر بنائے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن