عمران کی تیسری شادی کے چرچے پی اے سی میں بھی پہنچ گئے

Feb 21, 2018

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کے چرچے پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) میں بھی پہنچ گئے، پی ٹی آ ئی کے شفقت محمود اجلاس سے جانے لگے تو دیگر ارکان کمیٹی نے پوچھا کہ کیا عمران خان کے ولیمہ میں جا رہے ہیں، کیا ولیمہ بنی گالہ میں ہو رہا ہے جس پر کمیٹی اجلاس کشت زعفران بن گیا۔ منگل کے روز پی اے سی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سید خورشید شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود بھی بطور کمیٹی رکن موجود تھے، اجلاس شروع ہونے کے کچھ دیر بعد شفقت محمود نے خورشید شاہ سے کمیٹی سے جانے کی رخصت طلب کی تو سردار عاشق گوپانگ نے کہا کہ آپ عمران خان کے ولیمہ میں جا رہے ہو، چیئرمین سے درخواست کرتا ہوں ان کو جانے کی اجازت دے دیں، تاہم میرے لئے بھی دعوت نامہ بجھوا دیتے، اس بات پر کمیٹی کا اجلاس کشت زعفران بن گیا، خورشید شاہ نے پوچھا کہ کیا ولیمہ بنی گالہ میں ہو رہا ہے اگر ایسا ہے تو کسی اور کو بھی بلوا لیتے جس پر شفقت محمود مسکراتے ہوئے پی اے سی کے اجلاس سے روا نہ ہو گئے۔
عمران شادی / پی اے سی

مزیدخبریں