واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ میں ہونیوالے حالیہ سروے میں ابراہم لنکن ملک کے بہترین اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملکی تاریخ کے بدترین صدر قرار د یئے گئے، سابق صدر باراک اوباما 10 بہترین صدور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق '2018 پریزیڈنٹ ایگزیکٹو پولیٹکس پریزیڈنشل گریٹنیس سروے' میں ابراہم لنکن ملک کے بہترین اور ڈونلڈ ٹرمپ بدترین صدر قرار دیے گئے ہیں جب کہ سابق صدر باراک اوباما 10 بہترین صدور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ہر چار سال بعد ہونے والے سروے میں ابراہم لنکن بدستور پہلی، جارج واشنگٹن دوسری اور روز ویلٹ تیسری پوزیشن پر رہے جب کہ باراک اوباما نے 10 درجے ترقی پاکر آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔ سروے میں امریکن پولیٹیکل سائنس ایسوسی ایشن کے سابق صدور اور سیاست پر گرفت رکھنے والے نامور افراد نے حصہ لیا۔سروے میں حصہ لینے والے 57 فیصد افراد کا تعلق ڈیموکریٹس، 13 فیصد کا ریپبلکن اور 27 فیصد آزاد رائے دہندہ تھے جب کہ 3 فیصد دیگر لوگوں کو چنا گیا۔