پاکستان منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ اگلا الیکشن جیت کر مزید ترقیاتی پراجیکٹ لائیں گے: شہباز شریف

Feb 21, 2018

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہبازشریف سے سکھ برادری کے روحانی رہنما و سماجی خدمات کیلئے معروف تنظیم نشکان گروپ کے چیئرمین مہندر سنگھ اھلووالیانے ملاقات کی،جس میں باباگرونانک دیوجی کے550ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ نے باباگرونانک کی جنم دن کے حوالے سے تقریبات کیلئے حکومت پنجاب کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہبازشریف نے کہا کہ سکھ برادری سمیت تمام اقلیتو ںکے آئینی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔پنجاب میں سکھ برادری کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں۔ گورداروں اور دیگر مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش، تحفظ اور دیکھ بھال کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اقلیتوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت اور جان و مال کا تحفظ ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور آئینی حقوق حاصل ہیں۔ سکھ برادری سمیت دیگر اقلیتی برادریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنا حکومت پنجاب کی پالیسی میں شامل ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتی کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔شہباز شریف نے مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ہمادری زبان کا تحفظ ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔ مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشو و نما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ جدید دور میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے آٹھ سالہ بچے کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اقوام عالم میں سربلند، باوقار اور خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کا وژن رکھتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) مشرق وسطیٰ کے صدرچوہدری نورالحسن تنویر سے گفتگو کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ منفی احتجاجی سیاست کی وجہ سے ترقی کے سفر میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ شب روز محنت سے کر رہے ہیں۔ وطن عزیز موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اوورسیز پاکستانیز دنیا بھر میں وطن عزیز کے سفیر ہیں۔ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ان کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ 2018 کے الیکشن میں جیت کر عوامی فلاح و بہبود کے مزید میگاپراجیکٹس لائیں گے۔

مزیدخبریں