کراچی (کرائم رپورٹر) انکائونٹر اسپیشلسٹ عابدباکسر کو دبئی سے پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے انہیں دبئی سے کراچی منتقل کیا گیا تھا جہاں سے بعدازاں انتہائی رازداری کے بعد لاہور منتقل کر دیا گیا۔ ان کے خلاف تمام کیس لاہور سے متعلق ہیں اور ان سے لاہور میں ہی تفتیش کی جائے گی۔ آن لائن کے مطابق پنجاب پولیس کا انکاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر کو دبئی سے کراچی پہنچنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق انٹر پول نے پاکستانی حکام کی درخواست پر معروف پولیس انسپکٹر عابد باکسر کو دبئی سے کراچی پہنچادیا تاہم پاکستانی حکام اس عمل کی تصدیق نہیں کر رہے ہیں جبکہ عابد باکسر کی اہلیہ اور بیٹے عبد اللہ کا کہنا ہے کہ ہمیں دبئی کے امیگریشن حکام نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل سابق انسپکٹر عابد باکسر کو دبئی میں انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا جو لاہور پولیس کو قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا‘ عابد باکسر کو شہرت اس وقت ملی جب اس نے جعلی پولیس مقابلوں میں متعدد افراد کو ٹھکانے لگایا۔ قبضہ گروپوں کی پشت پناہی کرنے اور انڈر ورلڈ کے جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ گہرے مراسم رکھنے کی وجہ سے عابد باکسر نے سیاسی اثر و رسوخ بھی حاصل کیا۔ عابد باکسر کا ساتھی اور سابق پولیس انسپکٹر نوید سعید 2005ء میں ستوکتلہ میں مخالفین کے ہاتھوں قتل ہوا تھا۔ عابد باکسر کے دیگر قریبی ساتھیوں میں قبضہ گروپوں سے پہچان بنانے والے ملک احسان‘ گوگی بٹ اور طیفی بٹ شامل ہیں جو مختلف ممالک میں اس کا قیام اور اخراجات برداشت کرتے ہیں۔