بلوچستان کا قلعہ عبداللہ ملک کا غریب ترین ضلع ہے‘ یو این ڈی پی رپورٹ

Feb 21, 2018

اسلام آباد(صباح نیوز)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے پاکستان میں پائیدار ترقی سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے جس میں پاکستان کے مختلف شہروں میں غربت کی شرح کے حوالے سے تفصیل پیش کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بلوچستان کا ضلع قلعہ عبداللہ پاکستان کا غریب ترین ضلع قرار دیا گیا گیا ہے جہاں غربت کی شرح 96 اعشاریہ 9 فیصد بتائی گئی ہے۔اس رپورٹ میں پاکستان میں بلوچستان سب سے غریب صوبہ قرار دیا گیا ہے، جہاں غربت کی شرح 71.2 فیصد ہے، بلوچستان کے دیہی علاقوں میں غربت کی شرح 84.6 فیصد ہے، جبکہ شہری علاقوں میں یہ شرح 37.7 فیصد ہے۔پاکستان کے صوبہ سندھ میں غربت کی مجموعی شرح 43.1 فیصد ہے۔ دیہی علاقوں میں 75.5 فیصد اور شہری علاقوں میں 10.6 فیصد غربت ہے۔صوبہ خیبرپختوانخوا میں غربت کی مجموعی شرح 49.2 فصد ہے، دیہی علاقوں میں 57.8 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں یہ شرح 10.2 فیصد ہے۔پاکستان کا صوبہ پنجاب ملک میں غربت کے لحاظ سے سب سے کم یعنی 31.4 فیصد ہے۔ پنجاب کے دیہی علاقوں میں 43.7 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 6.3 فیصد غربت ہے۔پاکستان کے قبائلی علاقے جنہیں فاٹا کہا جاتا ہے وہاں 73.7 فیصد لوگ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ آزاد کشمیر میں غربت کی شرح 24.9 فیصد ہے، گلگت بلتستان میں 43.2 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں۔رپورٹ میں مختلف اہم شہروں کے اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق پنجاب میں مظفر گڑھ صوبے کا غریب ترین ضلع قرار دیا گیا جہاں غربت کی شرح 64 اعشاریہ 8 فیصد ہے۔ سندھ میں ضلع تھرپارکر غریب ترین ضلع ہے، تھرپارکر میں غربت کی شرح 87 فیصد ہے،کوہستان صوبہ خیبرپی کے کا غریب ترین ضلع ہے جہاں یہ شرح 95 اعشاریہ 8 فیصد ہے۔چاروں صوبوں کے امیر ترین اضلاع میں لاہور، کراچی، ہری پور اور کوئٹہ شامل ہیں۔اس رپورٹ کے حوالے سے ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ غربت پر قابو نہ پایا گیا تو دہشت گردی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

مزیدخبریں