اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان این بی ایف کے اشتراک سے منگل سے شروع ہونے والے دو روزہ ملتان ادبی میلے میں نیشنل بک فائونڈیشن نے 2 ہزار سے زائد تعداد میں فروغِ کتب بینی اور کتاب دوستی کا پیغام عام لوگوں تک پہنچانے کیلئے بڑا بک سٹال لگایا ہے۔ ملتان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام مرتضیٰ کے مطابق این بی ایف کے بک اسٹال پر ادب، شاعری، آپ بیتیوں، تاریخ، ثقافت، فنونِ لطیفہ کے موضوعات سمیت تصوف، تراجم ، اسلامی علوم اور عالمی ادب کی معروف کتابیں خصوصی رعایت پر دستیاب ہیں۔ کتب کے اس ذخیرے میں این بی ایف کی تازہ ترین مطبوعات بھی شامل ہیں جنہیں قارئین خریدنا اور پڑھنا چاہتے ہیں۔ این بی ایف کا نعرہ ’’امن انقلاب ، بذریعہ کتاب‘‘ اور ’’ہمارا خواب ، ہر ہاتھ میں کتاب‘‘ این بی ایف کی مفید و معیاری اور سستی کتب کے ذریعے گھر گھر پہنچ رہا ہے۔ غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ این بی ایف کے بک سٹال کے علاوہ دیگر پبلشرز نے بھی اسٹال لگائے ہیں جن میں جھوک پبلشرز (ملتان)، توکل اکیڈمی(کراچی)اور لاہور سے فکشن ہائوس، علم و عرفان ، الریاض ناشر، کانٹینینٹل اسٹارز، حق پبلی کیشنز، علم و دانش پبلی کیشنز، سجاد پبلی کیشنز اور دیگر شامل ہیں
بہائو الدین زکریا یونیورسٹی اوراین بی ایف کے اشتراک سے ادبی میلے کا انعقاد
Feb 21, 2018