سٹی ٹریفک پولیس نےکینڈین پولیس کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی، کمشنر لاہور 76رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے،آئی جی پنجاب کی فائنل کرکٹ میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت

کینڈین پولیس کرکٹ ٹیم اور سٹی ٹریفک پولیس کے درمیان تین میچوں کی سریز کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن(ر)عارف نوازخاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمد،ایس ایس پی سجاد منج، ایس ایس پی شوکت عباس سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔کیپٹن(ر)عارف نواز خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرمہمان ٹیم کے کھلاڑی کوٹرافی اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہم مہمان ٹیم کے انتہائی مشکور ہیں جوسٹی ٹریفک پولیس کی دعوت پر پاکستان آئی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان انتہائی پر امن ملک ہے اور آنے والے مہمان ہمیں اپنے دلوں جان سے بھی عزیز ہیں۔پاکستان ہمیشہ ہی سے کھیلوں کا گڑ رہاہے اس سرزمین نے بہت اچھے اچھے کھلاڑی پیدا کئے ہیں۔جو نہ صرف ملک و قوم کا نام روشن کئے ہوئے بلکہ کھیلوں کی دنیا میں انہیں عظیم مقام بھی حاصل کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل فورس کا مورال بلند رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ فورس کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جار ہی ہے۔ کھیلیں جسمانی فٹنس کےلئے بھی بہت ضروری ہیں۔تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی طرف سے مبین شہید کرکٹ سیریز کےلئے ٹورنٹو(کینڈین) پولیس کی کرکٹ ٹیم کو مدعو کیا گیا ۔ پہلا میچ سٹی ٹریفک پولیس لاہور، جبکہ دوسرا میچ کینڈین پولیس کے نام رہا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سریز کا فائنل میچ کھیلا گیا ۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے 35اوورز کے دوران327رنز کا ہدف دیا۔مہمان ٹیم بعد میں کھیلتے ہوئے صرف170رنز ہی بنا سکی۔اس طرح فائنل میچ اور سریز سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے نام رہی۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی طرف سے کمشنر لاہور عبداللہ سنبل نے76رنز اسکور کئے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ کینڈین ٹیم کے کپتان پوپلزائی سریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔تقریب کے اختتام پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمد نے مہمان ٹیم کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ کھیلیں کسی بھی ملک کی تہذیب و تمدن اور ثقافت کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن