آصف زرداری سے فاٹا سے تعلق رکھنے والی مزید شخصیات کی ملاقات،پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

سابق صدر پاکستان اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری سے فاٹا سے تعلق رکھنے والی مزید شخصیات نے زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں NA-36مہمند ایجنسی سے آزاد امیدوار شاہ سوار خان اور NA-44 باجوڑ ایجنسی کے سابق امیدوارمحمد حسیب خان شامل ہیں۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، ڈپٹی جنرل سیکریٹری بہرامند تنگی، سینیٹر سردار علی خان، مہمند ایجنسی کے صدر ڈاکٹر فاروق افضل، جنرل سیکریٹری فضل ہادی اور امتیاز خان بھی موجود تھے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پیپلزپارٹی کی مخالف حکومتوں نے فاٹا کو نظرانداز کیا جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجیح فاٹا کو کے پی کا حصہ بنانا ہے تاکہ فاٹا کے عوام کی نمائندگی کے پی اسمبلی میں بھی ہو اور ہائی کورٹ تک عوام کی رسائی ہو جس سے انصاف حاصل کر سکے۔ا ٓصف علی زرداری نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں اور ان کی طاقت بنیں۔

ای پیپر دی نیشن