بھارتی عاقبت نا اندیشی علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے، غلام سرور خان

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بھارتی ناعاقبت اندیشی علاقائی امن کیلئے خطرہ ہو سکتی ہے، نیا پاکستان بھارت کے اعصاب پر سوار ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہونے کی جسارت نہیں کر سکتی، پلوامہ حملہ میں پاکستان کو ملوث کرنے کا ڈرامہ بھارت کی ریاستی نااہلی پر پردہ پوشی کی بھونڈی کوشش ہے۔ یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پْرامن ملک ہے اور ہم نے پاکستان سمیت پورے خطہ میں امن و امان قائم کرنے کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی دنیا معترف ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج اور سول سوسائٹی نے بھرپور کردار ادا کیا تاکہ یہ پورے خطہ کو اپنی لپیٹ میں نہ لے سکے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ پڑوسی ممالک کی سالمیت اور خود مختاری کا احترام کیا ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پلوامہ واقعہ کی تحقیقات میں معاونت کی پیشکش کرکے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت پورے خطہ میں امن و آشتی کا متمنی ہے تاہم اگر بھارت سمجھتا ہے کہ وہ اپنی گیدڑ بھبکیوں سے پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی سرمایہ کاری میں تعطل پیدا کر سکتا ہے یا اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کر سکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے، بھارت کو ہمارے صبر اور امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھنے کی بھول نہیں کرنی چاہئے، پاکستان نے مصلحتاً اختیار کی گئی خاموشی توڑ دی تو بھارت کا بھانڈا پھوٹ جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن