لاہور (نیوزرپورٹر) قائداعظمؒ کی ذات سے وابستہ تمام افراد ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ قائداعظمؒ کی اہلیہ محترمہ مریم جناح نہایت زیرک، تعلیم یافتہ اور بہادر خاتون تھیں۔ انہوںنے بانی ٔ پاکستان کی زندگی پر بہت مثبت اثرات مرتب کیے۔ شادی کے بعد مریم جناح نے قائداعظمؒ کا ساتھ دیا اور ان کی بھرپور دیکھ بھال کی۔قائداعظمؒ خواتین کو معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شعبہ خواتین کی کنوینر بیگم مہناز رفیع نے ایوانِ قائداعظمؒ ،لاہور میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی اہلیہ محترمہ مریم جناح کی یاد میں منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا ۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے کیا تھا۔ پروگرام کا آغاز حسب معمول تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول اور قومی ترانے سے ہوا۔ بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ بہت سی شخصیات ایسی ہیں جنہوں نے اگرچہ براہِ راست تحریک پاکستان میں حصہ نہیں لیا لیکن اُنہوں نے بالواسطہ طور پر قائداعظمؒ کا ساتھ دے کر اس تحریک میں اپنا حصہ ڈالا جن میں سے ایک مریم جناح بھی تھیں۔ مریم جناح 20 فروری 1900 ء میں بمبئی کے ایک انتہائی متمول پارسی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ قائداعظمؒ ان کے والد سرڈنشاپیٹنٹ کے دوستوں میں سے تھے۔ 18 اپریل 1918ء کو بمبئی کی جامع مسجد میں انہوں نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا۔