پاکستان، بھارت کشیدگی، دوستی بس پر سفر کرنے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہ گئی

لاہور(صباح نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی دوستی بس پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین چلنے والی دوستی بس کے ذریعے گذشتہ روز صرف ایک مسافر بھارت سے پاکستان آیا جب کہ 2 مسافر لاہور سے امرتسر روانہ ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باوجود سمجھوتہ ایکسپریس آج جمعرات کو شیڈول کے مطابق لاہور سے روانہ ہوگی۔دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ واہگہ بارڈر پر بھارت جانے کے منتظر ٹرکوں کی جی ٹی روڈ پر لمبی قطاریں لگی ہیں افغانستان سے آنے والے ٹرکوں کو بھارت جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو حملے کی تحقیقات کی پیش کش کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن