لاہو (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ نیب سمیت تمام ادارے آزاد ہیں، ہم نے کسی اپوزیشن رکن کے خلاف کوئی مقدمہ بنایا اور نہ ہی کسی گر فتاری سے حکومت کا کوئی تعلق ہے، ایک بات طے ہے کرپشن کرنیوالوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا، ملک کو ہر صورت کرپشن سے پاک کر ناہوگا، بوسنیا کے عوام کے نے اپنے حقوق کیلئے پر امن جدوجہد کی ہے، میں نے بطور برطانوی پارلیمنٹ کے رکن بوسینا کے عوام کے حقوق کیلئے برطانوی پارلیمنٹ سمیت دیگر فورمز پر بھرپور آواز بلند کی، آئندہ 5سالوں کے دوران پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ''آب پاک اتھارٹی'' بنائی جا رہی ہے، لاہور کے چلڈرن ہسپتال سمیت صحت کے شعبے کے دیگر مسائل کے حل کیلئے حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے 'ہیلتھ انشورنش پروگرام کے ذریعے وفاقی اور پنجاب حکومت غریبوں کو مفت صحت کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ وہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں چار روزہ پیڈیاٹرک کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن آف پیڈیاٹرک سرجری آف پاکستان کے صدر اور ایم ڈی چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر سلیم پروفیسر مسعود ڈین چلڈرن ہسپتال، پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ، پروفیسر عبدالحمید سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف جب سے اقتدار میں آئی ہے لوگ سیاسی انتقام کی باتیں کر رہے ہیں مگر میں چیلنج کرتا ہوں کہ اپوزیشن بتائے کہ ان کے خلاف کون سا کیس تحریک انصاف کی حکومت نے بنایا؟ حقیقت یہ ہے کہ تمام ادارے مکمل آزادی کیساتھ کام کر رہے ہیں اور حکومت کسی ادارے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی۔ وزیر اعظم عمران خان پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ کرپشن کرنیوالوں کو کسی صورت معافی نہیں دی جاسکتی۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میں دس سال سے چلڈرن ہسپتال کے ساتھ ملکر صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے کام کر رہا ہوں، یہ ہسپتال اور سٹاف بڑی محنت کیساتھ کام کر رہا ہے۔ مجھے آج پاکستان میں صرف 150 پیڈیاٹرک سرجن کا سن کر بہت حیرانی ہوئی، میری تمام سپورٹ ہسپتال کی استعداد کار اور پیڈیاٹرک سرجن کی تعداد بڑھانے کیلئے دستیاب رہے گی، میں امید کرتا ہوں یہ کانفرنس بچوں کے امراض کے سرجری کی بہتری میں مددگار ثابت ہوگی۔ چوہدری محمد سرور نے لاہور میں بوسنیا کے اعزازی قونصلیٹ کا بھی افتتاح کر دیا۔ تقریب سے خطاب کے دوران گورنر محمد سرور نے اس قونصلیٹ کے قیام سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
نیب سمیت تمام ادارے آزاد، ہم نے کسی کیخلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا: چودھری سرور
Feb 21, 2019