مشیر وزیراعلی پنجاب کا اندرون لاہور مارکیٹوں کا دورہ، اشیاء کے نرخ چیک کئے

لاہور (نیوز رپورٹر) مشیر وزیراعلی پنجاب و کنوینئر ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول محمد اکرم چودھری نے گزشتہ روز لاہور اندرون شہر کی مارکیٹوں (اکبری مارکیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، اعظم کلاتھ مارکیٹ، موچی گیٹ مارکیٹ وغیرہ کا دورہ کیا۔ مشیر وزیراعلی کی آمد پر مختلف مارکیٹوں کے عہدیداران، تاجر برادری اور پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ محمد اکرم چودھری نے مارکیٹوں میں اشیا خورد و نوش کی قیمتوں اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا، دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے آویزاں کرنے اور مقررہ قیمت پرفروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مشیر وزیراعلی نے تاجروں کے مسائل بھی سنے۔ اس موقع پر پرائس کنٹرول کمیٹی ممبران نے مشیر وزیراعلی کو بریفنگ دیتے بتایا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال پیاز اور آلو کی قیمتیں بہت کم ہیں صرف موسمی صورت حال کے باعث ٹماٹروں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ حکومت عام آدمی کے لئے مناسب قیمت اور معیار ایک ساتھ یقینی بنائے گی اور اشیا خورد و نوش کی قیمتوں و معیار کو عوام کی توقعات کے مطابق کریں گے۔ منافع خوری اور غیر معیاری اشیا کی موجودگی ناقابل برداشت ہے۔ مقرر کردہ ریٹس سے مہنگی اشیا بیچنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ٹماٹروں کی بڑھتی قیمتوں کے حوالے سے جواب دیتے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ ڈیمانڈ اور سپلائی کا جو میکنزم ہے وہ کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوتا، ٹماٹر کی قیمت بڑھنے میں موسم کے اثرات بہت زیادہ ہیں لیکن یکم مارچ کے بعد انشاء اللہ ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا ہم دکاندار اورگاہک کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتے ہیں۔ میرے نزدیک مڈل مین قیمتوں کو بڑھانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور میں مڈل مین مافیا کے کردار کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں میں سرگرم منافع خور مافیا کا سدباب کیا جائے گا اور حکومتی ریلیف کے ثمرات عام آدمی تک جلد پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن