اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ گندم کے معاملے پر جامع انکوائری رپورٹ آئندہ ایک ہفتے میں موصول ہو جائے گی جس سے عوام کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ چینی کے معاملے پر بھی مذکورہ کمیٹی کو تفصیلی سوالات فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ چینی کی قیمت، سٹاک کی فراہمی، برآمد وغیرہ سے متعلق تمام حقائق کی تفصیلات سامنے آ جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گندم اور چینی کے حوالے سے تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔ کابینہ نے وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ چینی کے قیمتوں کے تھرڈ پارٹی سے تعین کرانے کی تمام کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے گھریلو صارفین، روٹی تنوروں اور صنعتوں کے لئے بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے طویل المدت مہنگے معاہدے کیے جس کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے، اس وقت جس ریٹ پر گیس خریدنے کا معاہدہ کیا گیا اور پندرہ سالوں کے لئے قوم کو مہنگے دام ادا کرنے پر پابند بنا دیا گیا اس کے مقابلے میں آج عالمی سطح پرگیس کی قیمت خاطر خواہ کم ہے۔ یہ بات وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کی کا بینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتائی وفاقی کا بینہ کا اجلاس جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول بات چیت کے حوالے سے بعض رپورٹس محض افواہوں پر مبنی ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔ مشیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند روز میں مزید مثبت خبریں سامنے آئیں گی کابینہ کو دالوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ مونگ جس کی پیداوار پاکستان میں ہوتی ہے اسکی سمگلنگ کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ مشترکہ مفادات کونسل سیکریٹریٹ کے قیام کے حوالے سے قواعد و ضوابط کو مرتب کرنے کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے۔اس حوالے سے شفقت محمود، عمرایوب، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، زبیدہ جلال اور اسد عمر پر مبنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو قواعدو ضوابط کو حتمی شکل دے کر سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی وفاقی کابینہ نے زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کے حوالے سے شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ زندگی بچانے والی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وزارت صحت کو ہیلتھ ٹاسک فورس کی ہدایات اور تجاویز پر عملدرآمد کی ہدایت بھی کی گئی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے یوٹیلیٹی سٹورز کو فراہم کیے جانے والے پندرہ ارب روپے کے پیکیج کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے مشیر خزانہ نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی رسد و طلب کو یقینی بنانے کے لئے پانچ لاکھ ٹن گندم درآمد کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ گندم کو اس وقت درآمد کیا جائے جب عالمی سطح پر اس کی قیمت کم ہو۔ وفاقی کابینہ نے مشترکہ مفادات کی کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام اور نیشنل کمشن برائے حقوق اطفال کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی اور دیرینہ دوست نعیم الحق مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ہونے والی بات چیت کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ صدر شی نے مشکل کی اس گھڑی میں اظہار یکجہتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ خارجہ اور وزارتِ خارجہ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جس واضح انداز میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مظلوم کشمیریوں کے حقوق کی بات کی ہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ ان کا بیان سفارتی محاذ پر پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے لاوارث نوزائیدہ بچوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لاوارث نوزائیدہ اور چھوٹے بچوں کی خریدو فروخت انتہائی غیر انسانی اورظالمانہ فعل ہے۔ انہوں نے وزیر قانون کو ہدایت کی کہ اس سنگین جرم کی روک تھام اور ایسی غیر انسانی اور غیر قانونی تجارت میں ملوث مافیا کا سدباب کرنے کے لئے فوری طوری پر تمام ضروری انتظامی اقدامات کیے جائیں۔ کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے انتخابات کے نظام کو شفاف بنانے کے لئے جامع اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس حوالے سے قانون میں ترامیم کے ضمن میں بھی ہدایات جاری کیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فیصل واوڈا نے خصوصی بچوں کے لئے خوراک اور ادویات کی درآمد پر عائد پابندیوں اور مشکلات کا معاملہ اٹھایا جس پر وزیراعظم نے متعلقہ وزارت کو واضح روڈ میپ بنانے کی ہدایت کی تاکہ سپیشل مریضوں کے لئے اس طرح کی ادویات اور خوراک کی فراہمی کا مرحلہ آسان بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور ان میں کمی لانے کے حوالے سے منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے حکومتی اقدامات کو سراہا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے بارے میں مشیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت کی اولین ترجیح احساس پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد اور انکے خاندان ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ کم آمدنی والے افراد اور غربت کا شکار خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے کابینہ کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی جانب سے آٹا و دیگر اجناس براہ راست خریدی جا رہی ہیں تاکہ یہ کم قیمت پر میسر آئیں اور اس کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جا سکے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کو خصوصی طور پر طلب کر کے انہیں ہدایت کی کہ گھی اور خوردنی تیل آزاد کشمیر اور انضمام شدہ علاقوں میں قائم گھی ملوں سے گھی خریدنے پر بھی غور کیا جائے تاکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر فراہم کیے جانے والے گھی کی قیمتوں میں مزید کمی آئے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کی ضروریات اور مطلوبہ سٹاک کی موجودگی پر بات چیت کرتے ہوئے کابینہ کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں اٹھائیس لاکھ ٹن گندم کا سٹاک موجود ہے۔صوبوں کو اس بات کا پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے اہداف کے مطابق گندم کی خریداری کو یقینی بنائیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سال گندم کی خریداری کا ٹارگٹ 8.25ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ سندھ میں 10مارچ سے گندم کی خریداری شروع ہو جائے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تین لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے جس پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی۔ کابینہ کو آلو، ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پیاز کے حوالے سے بتایا گیا کہ ای سی سی نے پیاز کی برآمد پر پابندی لگائی ہے۔31مئی 2020کے بعد اس پابندی کا جائزہ لیا جائے گا اور اس وقت کے حالات کو مدنظر رکھ کر مزید فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ ٹماٹروں کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان سامنے آیا ہے، گھی/خوردنی تیل کے حوالے سے بتایا گیا کہ گھی / خورودنی تیل کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عالمی سطح پر پام آئل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ دالوں کی براہ راست درآمدکیا جائے تاکہ اس کا تمام ریلیف عوام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو سماجی فلاح و بہبود اور تخفیف غربت کے حوالے سے حکومت کے سب سے اہم پروگرام "احساس" کے ممبران پارلیمنٹ سے رابطوں اور اشتراک کا ایجنڈا ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی لیہ میں مصروفیات کی وجہ سے زیر غور نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں کے نظام اور ان قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی لانے کے حوالے سے زیر غور تجاویز پر بریفنگ بھی دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو آئندہ چند ماہ تک موجودہ سطح پر رکھنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا ۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران صارفین پر گیس بلوں کے حوالے سے ڈالے جانے والے بوجھ پر تحفظات کا اظہار کیا اور وزیر توانائی اور وزیر پانی و بجلی کو لائن لاسز کم کرنے کے لئے پائیدار اور قابل عمل روڈ میپ لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مختلف سلیبز کے ساتھ یونٹوں کے ہیر پھیر کی روک تھام کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں برملا اور واضح اعلان کیا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں کو منجمد کیا جائے اور اس میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔ وزیر توانائی اور وزیر پاور کو اگلی میٹنگ میں ایسی تجاویز لانے کی ہدایت کی گئی جس میں آئوٹ آف دی باکس آپشن موجود ہو تاکہ بلوں میں سرچارج اور ٹیکسوں کا بوجھ عوام کے کندھوں سے ہٹایا جائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے نیشنل کمشن برائے حقوق اطفال کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔ جس کے مطابق افشاں تحسین کو چیئرپرسن، ڈاکٹر روبینہ فرید ممبر اسلام آباد، محمد ہاشم خان ممبر بلوچستان، جہانزیب خان ممبر خیبرپختونخوا، روبینہ فیروز بھٹی ممبر پنجاب، اقبال احمد ڈیتھو ممبر سندھ، تاجدار حسین ہاشمی ممبر چائلڈ (لڑکا)، فریال جاوید ممبر چائلڈ (لڑکی) مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے مشترکہ مفادات کی کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کی اصولی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان نرسنگ کونسل کے ممبران کے نوٹیفیکیشن کی بھی منظوری دی۔ نرسنگ کونسل میں پنجاب سے بشریٰ مقبول، خیبرپختونخوا سے مسلم شاہ، بلوچستان سے ظفر خان، شگفتہ عشرت (پنجاب)، ارشاد بیگم (خیبرپختونخوا)، رخسانہ دوست (بلوچستان)، شاہین کوثر (پنجاب)، مسز ارفہ (خیبرپختونخوا) اور عنایت اللہ (بلوچستان) شامل ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے 46نئے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر لائسنسزکے اجرائ، 07لائسنسز کو ختم کرنے، 08کے ٹرانسفر اور 02لائسنس کے احاطہ عمل داری میں تبدیلی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے فرحان شفیع کی بطور منیجنگ ڈائریکٹر/چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے چیف ماہرشماریات (Chief Statistician) کی باقاعدہ تقرری تک اس عہدے کی ذمہ داریاں سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل اقدامات کو دینے کی منظوری دی۔ اس منظورشدہ تجویز کے تحت گیس کی دریافت اور پیداوار کے آپریٹر کو یہ اجازت دی گئی ہے کہ وہ مشترکہ ان پٹ ٹیکس کودیگر رجسٹرڈ افرادیا مفاد رکھنے والے مالکان کو ان کے حصے کے مطابق ٹرانسفر کر سکے۔ٖڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے سعدیہ خان کی بطورکمشنر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے مالی سال 2019-20کے وسط سالہ (مڈ ائیر) جائزے کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس جائزے میں وفاقی آمدن کی تفصیلات، کرنٹ، ترقیاتی اخراجات، بجٹ فنانسنگ اور آنے والی صورتحال کا جائزہ قومی اسمبلی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ وسط سالہ جائزہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ بجٹ کے حوالے سے کارکردگی درست سمت میں جا رہی ہے ماسوائے مطلوبہ ریونیو کے اہداف حاصل کرنے میں کچھ مشکلات پیش آ رہی ہیں۔پچھلے سال کے مقابلے میں بجٹ خسارہ کم ہے ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بنک سے کوئی قرضہ نہیں لیا جا رہا۔ آئی ایم ایف سے طے شدہ اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ایف بی آر کی جانب سے ریونیو کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے زائرین منیجمنٹ پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔ کابینہ نے پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لئے کابینہ ممبران پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے جو پالیسی کو حتمی شکل دے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ملائیشیا کے ماڈل کو سامنے رکھ کر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے پینشن اور حج فنڈ ز کے قیام کے حوالے سے وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ڈاکٹر عشرت حسین پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے جو اپنی سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا نئے آب و تاب کے ساتھ آغاز ہوا ہے، ہم پورے پاکستان کے عوام کی طرف سے پی ایس ایل میں شرکت کے لئے آنے والے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ہم نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستان ایسا ملک ہے جو کھیل کے جذبے سے سرشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مافیا کے خلاف جدوجہد منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو مشکلات برداشت کرتے ہوئے ملک کیلئے قربانی دے رہے ہیں۔