اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے جہاں انہوں نے کویت کی سیاسی و فوجی قیادت سے ملاقاتیں جن کے نتیجہ میں دونوں ملکوں نے دفاع اور سیکیورٹی کے متعدد شعبوں ، دفاعی مصنوعات کی برآمد، تربیت یافتہ افرادی قوت و انسانی وسائل کی فراہمی اور دہشت گردی کے خاتمے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ احمد منصور الاحمد الجابر الصباح، کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد خالد الخضر اور انڈر سیکرٹری نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل سٹاف انجینئر ہاشم عبدالرزاق الرفیعہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون اور خطے کے امن و استحکام کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کویتی قائدین نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ قابلیت اور دہشت گردی سے نمٹنے میں پاکستانی قوم کے عزم کو سراہا۔ آرمی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل محمد خالد الخضر نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔ جس کے بعد کویتی فوج کے دستے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔