اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ق کے زیر اہتمام تحریک انصاف کے رہنماء اور وزیر اعظم کے سیاسی مشیر نعیم الحق کے ایصال ثواب کیلئے یاد گار مدینہ لنگر خانے میں اجتماعی دعا و قران خوانی کی گئی جس میں مسلم لیگ ق ‘ پی ٹی آئی کے رہنمائوں‘ کارکنوں اور یاد گار مدینہ لنگر خانے کے صدر لالہ افضل‘ جنرل سیکر ٹری ساجد اعوان‘ سیکر ٹری فنانس واصف سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔ جبکہ وزیر اعظم کے مشیر علی نواز اعوان دعوت کے باوجود نہ آ سکے ۔ اس موقع پر مرحوم نعیم الحق کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ مقررین لالہ افضل‘ ساجد اعوان اور دیگر کا کہنا تھا کہ مرحوم کی ملک و قوم کیلئے نا قابل فراموش ہیں۔ وہ وزیر اعظم کے نہایت قریبی بلکہ قابل اعتماد ساتھی اور آخر تک ساتھ رہے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم الحق نے کینسر کے خلاف جنگ ایک شیر کی طرح لڑی، ایک دوست، بزرگ اور ساتھی انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔