لاہور، گوجرانوالہ ایکسپریس 24فروری سے شروع ہوگی: شیخ رشید، لاہور قصور ٹرین 8 سال بعد بحال

Feb 21, 2020

اسلام آباد(خبر نگار) وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے لاہور اور گوجرانوالہ کے درمیان نئی ٹرین چلانے کا اعلان کر دیا۔ لاہور -گوجرانوالہ ایکسپریس 24فروری سے شروع کی جائے گی ۔ پاکستان ریلوے نے مسافروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر کرایہ ایک سو روپے مقرر کر دیا۔ شیخ رشید احمد 24فروری کو گوجرانوالہ میں نئی ٹرین سروس کا افتتاح کرینگے۔ گوجرانوالہ سے لاہور اورلاہور سے بھی روزانہ کی بنیاد پر تین ٹرینیں گوجرانوالہ جائیں گی۔ راجہ جنگ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستان ریلوے کی طرف سے آٹھ سال پہلے بند کی گئی لاہور قصور ٹرین بحال کردی گئی۔ پی ٹی آئی کے رائو داور حیات، سردار راشد طفیل اور چودھری انور علی جاوید صدر پی ٹی آئی راجہ جنگ نے ریلوے سٹیشن راجہ جنگ پر ٹرین کا افتتاح کیا اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں موجود عوام نے ٹرین کا استقبال کیا۔

مزیدخبریں