ڈرامہ ”میرے پاس تم ہو“ کے بعد اب’ ’عہدِ وفا “ کی آخری قسط بھی پاکستان بھر کے سنیماﺅں میں دکھانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔آئی ایس پی آر کے تعاون سے بنایا جانے والا ڈرامہ ’عہدِ وفا ‘ چار دوستوں کی کہانی پر مبنی ہے جو ان دنوں شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ ڈرامے کے چار مرکزی کردار احد رضا میر، اسامہ خالد بٹ، وہاج علی اور علی اکبر ہیں جن کی دوستی نے دیکھنے والوں پر سحر طاری کر رکھا ہے وہیں زارہ نور عباس اور علیزے شاہ کی اداکاری نے اس سیریل کو کامیابی کے مقام تک پہچانے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔سیفی حسن کی ہدایت کاری میں بننے والا یہ ڈرامہ 24 اقساط پر مشتمل تھا تاہم عوام میں انتہائی مقبولیت پانے پر ڈرامے کی مزید اقساط کی شوٹنگ کی گئی اور اب ڈرامہ اپنے اختتامی مراحل میں بھی داخل ہو چکا ہے اسی لیے مقبولیت کے پیش نظر ڈرامہ ”عہدِ وفا“ کو بھی شہرہ آفاق ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط کی طرح سنیما گھروں میں دکھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تاہم باکس آفس ڈٹیل ویب سائٹ کے مطابق ہم فلم پروڈکشن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری قسط سینما گھروں میں دکھائے جانے پر نظرثانی کی جا رہی ہے اور ڈرامے کی آخری قسط نشر کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔واضح رہے کہ ڈرامہ ’عہدِ وفا ‘ 2020ء میں بڑی اسکرین پر نشر ہونے والا دوسرا ڈرامہ ثابت ہوگا جب کہ اس سے قبل پہلا ڈرامہ نشر ہونے کا اعزاز ’میرے پاس تم ہو‘ کے پاس ہے۔