صنعاء بیلسٹک میزائل جمع کرنے اور داغے جانے کا گڑھ بن چکا ہے: عرب اتحاد

یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں کی سمت داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی ایک اور کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ساڑھے بارہ بجے سعودی رائل ایئر ڈیفنس نے ایران نواز دہشت گرد حوثی ملیشیا کی طرف سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی روک دیا۔المالکی نے کہا کہ یہ میزائل دانستہ اور منظم طور پر داغے گئے جن کا مقصد مملکت کے شہروں اور اس کے شہریوں کو نشانہ بنانا تھا۔ یہ بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ یمنی دارالحکومت صنعاء بیلسٹک میزائلوں کو اکٹھا کرنے اور ان کو مملکت کی اراضی کی جانب داغے جانے کا گڑھ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب اتحاد کی مشترکہ فورسز کی قیادت نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مرتکب خلاف ورزیوں پر انتہائی درجے کے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس دوران حوثیوں نے بیسلٹک میزائلوں، ڈرون طیاروں اور دھماکا خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرولڈ کشتیوں کا استعمال کیا۔ المالکی کے مطابق اتحادی فورسز کی مشترکہ کمان کی جانب سے تمام تر فیصلہ کن اور سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تا کہ عرب اتحاد میں شامل ممالک میں شہریوں اور مقیمین کو اس نوعیت کے وحشیانہ حملوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس دوران بین الاقوامی انسانی قانون کا خیال رکھا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن