لاہور(نیوزرپورٹر)چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی ملک امجد علی نون عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اس حوالے سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے باقاعدہ تصدیق کردی ہے ۔اس بارے میںملک امجد علی نون کا کہنا ہے کہ کرپٹ مافیا اپنے مفادات کیلئے معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ایک مانیٹرنگ کمپنی سے آپریشنل کمپنی کا سفر طے کر چکی ہے جو کہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔اس کامیابی میں ایل ڈبلیو ایم سی کی انتظامیہ اور عملے نے میرا بھر پور ساتھ دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ اور بعد بھی انتظامیہ کو بے شمار مسائل اورمخالفت کا سامنا کرنا پڑاجس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ملک امجد علی کا کہنا تھا کہ میں نے چیئرمین کا عہدہ اعزازی،رضاکارانہ طورپر بغیر کسی تنخواہ کے سنبھالا میں نے لاہور کو دو مرتبہ شدید مسائل سے نکالا اور شہر سے تمام بیک لاگ کو کلیئرکیا۔ علاوہ ازیں ترک کمپنیاں جو کہ شہر کی صفائی کے ساتھ لوٹ مار مچا رہیں تھیں، ایل ڈبلیو ایم سی کو اس لوٹ مار سے بچایا گیا گری ہوئی کمپنی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں کرپشن، بے ایمانی، سازشیں اور گند نظر آرہا ہے جس کا میں قطعی طور پر حصہ نہیں بننا چاہتا۔کرپٹ مافیا 110ارب روپے کے ٹھیکوں کی بندر بانٹ کرنے کیلئے سر گرم ہے ۔جب اعلیٰ حکام کے مابین تنازعات ہوں تو بہتر ہے کہ چیئرمین کی جانب سے استعفیٰ دے دیا جائے۔