لاہور(خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی و صدر مجلس قائمہ سیاسی امور، لیاقت بلوچ نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں عمران خان کا اوپن بیلٹ انتخابی ڈرامہ فلاپ اور بری طرح بے نقاب ہو گیاہے۔دونوں بڑی سیاسی چڑیلوں نے سیاسی جمہوری عمل اور ووٹ کے تقدس کو پامال کردیا ہے۔ عمران خان سرکار شفا ف ،غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ ناکام و نااہل عوام دشمن حکومت خود سیاسی محاذ پر شدت اور انارکی پھیلا رہی ہے۔حکومت اپنی ناکامیوں کی اصلاح اور عوام کو ریلیف دینے کی بجائے فاشسٹ طرز سیاست پر عمل پیراہے۔ ملک گیر اور بھر پور احتجاج اور تحریک ہی بحرانوں کا حل ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اوکاڑہ میں ڈاکٹر لیاقت علی کوثر مرحوم کے تعزیتی ریفرنس اور صحافیوں سے گفتگو اور منصورہ میں دیر ، سوات و پنجاب کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں سیاسی ، آئینی اور پارلیمانی بحران خطرناک انجام کی طرف بڑھ رہاہے۔