لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کیلئے بجلی کی قیمت بڑھارہی ہے ،95پیسے فی یونٹ اضافے کے مجوزہ فیصلے سے عوام کی جیبوں پر مزید 9ارب روپے کا ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے جو کسی وقت بھی لاوے کی صورت میں پھٹ سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز ، نعیم بادشاہ، شہزاد بھٹی، رمضان بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تجویز دی گئی کہ تاجر تنظیموں کو اس حوالے سے احتجاج کی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے پیشگی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ، بجلی کی قیمت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ لوگ اسے خریدنے سے عاجز آگئے ہیں۔