کراچی (این این آئی) اینکر مرید عباس قتل کیس میں ڈیڑھ سال بعد ملزم عاطف زمان پرفردجرم عائدکردی گئی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اینکرمریدعباس قتل کیس کی مقامی عدالت میں سماعت ہوئی ، دوران سماعت ڈیڑھ سال بعد ملزم عاطف زمان پرفردجرم عائدکردی گئی ، فردجرم قتل،ناجائزاسلحہ رکھنے کے الزام پر عائدکی گئی، ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا ، جس پر عدالت نے گواہان کو طلب کرلیا ہے۔یاد رہے اینکر مرید عباس قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی تھی، عدالت نے ملزم عادل زمان کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے ساتھ ساتھ منقولہ اورغیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔خیال رہے اینکر مریدعباس قتل کیس میں ضمانت خارج ہونے ملزم عادل زمان عدالت سے فرار ہوگیا تھا ، جس پر سپریم کورٹ نے ملزم کو گرفتار کرکے واپس جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ جولائی 2019 میں کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ملزم عاطف زمان نے اس دہرے قتل کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم اسے بچا لیا گیا تھا۔