لاہور(اسپورٹس رپورٹر)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے کرکٹر خوشدل شاہ نے کہا ہے کہ کپتان محمد رضوان گراو نڈ میں سب کو خوش رکھتے ہیں اور نرم لہجے میں سب کو سمجھاتے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خوشدل شاہ نے بولنگ میں اعتماد دینے کا کریڈٹ محمد رضوان کو دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں میری بولنگ اچھی جا رہی ہے، محمد رضوان نے پی ایس ایل سے پہلے بنگلہ دیش میں کہا تھا کہ اوورز کے لئے تیار رہنا ہے، بولنگ کرتے رہا کرو اس سے فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں کیرئیر کے آغاز سے ہی بیٹنگ کے ساتھ بولنگ کر رہا ہوں، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میری بولنگ میں زیادہ سے زیادہ بہتری آئے، میری بولنگ جتنی بہتر ہوگی کیرئیر میں مزید بہتری آئے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نیٹ پر زیادہ بولنگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں، جب بیٹنگ سے فری ہوجاتا ہوں تو دوسرے بیٹسمینوں کو الگ نیٹ پر بولنگ کرتا ہوں۔خوشدل شاہ نے بتایا کہ ملتان سلطانز کی گزشتہ برس سے اچھی کارکردگی کی وجہ ٹیم کا یونٹ بن کر کھیلنا ہے، ٹیم آنرز اور مینجمنٹ نے ہمیشہ اعتماد دیا ہے، مینجمنٹ کھلاڑیوں کو پرسکون رکھتی ہے، ٹیم میں ہر کوئی پازیٹو رہتا ہے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرتا ہے۔