لاہور (نمائندہ خصوصی)سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ گل بہت ودھ گئی اے۔ عوام اب انکے اقتدار کا خاتمہ کریں گے، مخلوق خدا کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔ گھروں سے نکلو اور ظالم حکمرانوں سے جان چھڑائو۔ عمران خان نے عوام کو دھوکہ اور دغا دیا۔ یہ کہتے تھے کرپشن کا خاتمہ کر دوں گا۔ ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ وہ گزشتہ روز بی بلاک کونج پورہ سبزہ زار میں آصف ناگرہ اور ضیاء ناگرہ کی طرف سے لانگ مارچ کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ حسن مرتضیٰ، اسلم گل، فائزہ ملک اور آصف ناگرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر رانا جمیل منج، فیصل میر، علامہ یوسف اعوان، فائزہ ملک، بشریٰ ملک، گلریز خان، نادیہ شاہ، یاسمین فاروق، نورین سلیم، ذیشان شامی، احسن رضوی، افراز نقوی بھی موجود تھے۔ پرویز اشرف نے کہا میں یہاں، سبزہ زار کے لوگوں کیلئے لانگ مارچ میں شرکت کا دعوت نامہ لایا ہوں، 6مارچ کے روز ناصر باغ میں لاکھوں افراد کا جلسہ ہو گا۔ 8مارچ کو اسلام آباد کے جلسہ میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔ حسن مرتضیٰ نے کہا مہنگائی، بجلی گیس کے بلوں میں اضافے نے عوام کا برا حال کر دیا ہے، نظریات کمزور ہو سکتے ہیں، ختم نہیں ہو سکتے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت کیلئے سبزہ زار کے مکینوں کا شکر گزار ہوں۔ بجلی گیس، کھاد اور تیل مہنگا ہے تو عوام خاموش کیوں ہیں، یہ حکمران بد دعا سے نہیں نکلیں گے، لوگو میدان میں نکلو۔ 5مارچ کو بلاول بھٹو زرداری نے رات کو لاہور پہنچنا ہے، 6مارچ اتوار کو لاہوریوں نے بھر پور جلسہ کرنا ہے۔ جلسے سے فائزہ ملک، آصف محمود ناگرہ نے بھی خطاب کیا۔