حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)گورنمنٹ گرلز ایسوسی ایٹ کالج شرقی دوآبہ حافظ آبا د میں سالانہ صنعتی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔پرنسپل کالج نسرین اختر نے نمائش کا افتتاح کیا۔کالج کی طالبات نے چاروں صوبوں کی تہذیب و ثقافت پر مبنی کھانے پینے ،ملبوسات اور خوبصورت علاقائی رسم و رواج کے اسٹالزلگائے۔صنعتی نمائش کے موقع پر کالج کی طالبات، اساتذہ اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل نسرین اختر کا کہنا تھا کہ طالبات کی نصابی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اس طرح کی ہم نصابی سرگرمیوں کا نصاب بہت ضروری ہے۔ اس طرح کے پروگرام کے انعقاد سے طالبات کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور ان کی پوشیدہ صلاحیتیں نکھر کر سامنے آجاتی ہیں۔ان پروگراموں میں حصہ لینے والی طالبات دوسری طالبات سے زیادہ ذہین ہوتی ہیں۔اور ان میں مقابلہ کرنے اور آگئے بڑھنے کابھی جذبہ زیادہ ہوتا ہے۔ کالج کی طالبات نے صنعتی نمائش میں جس محنت سے کام کیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ایسی طالبات اور ان کی اساتذہ کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔