لاہور (سٹی رپورٹر)وزیربلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا کہ محکمہ بلدیات پیدائش،اموات اور دیگر سول رجسٹریشنز کو جدید بنیادوں پر استوار کر رہا ہے ۔اس ضمن میں برتھ اینڈ ڈیتھ رولز متعارف کرائے گئے ہیں جن کی تیاری میں عام شہری کی آسانی اور سہولت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔اس حوالے سے ایک بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کیلئے درست اعداد و شمار کا حصول خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور ان اعداد و شمار کی حیثیت کلیدی ہوتی ہے۔ درست اعداد و شمار کی بنیاد پر ہونے والی منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایک سروے کے مطابق پنجاب میں بچوں کی پیدائش کے اندراج کی شرح 75 فیصد ہے اور 25فیصد بچے ابھی بھی ریاست کے ریکارڈ میں شامل نہیں ہیں۔ ان بچوں کو ریاستی ریکارڈ کا حصہ بنانے کیلئے ہمیں ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ ڈیٹا کی شفافیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ بلدیات نے نادرا کے تعاون سے صوبے کی بعض یونین کونسلز میں آن لائن ڈیٹا کی سہولت فراہم کی ہے جبکہ مستقبل میں باقی یونین کونسلز میں یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔