لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے زیر تحت مہنگائی،بے روزگاری کیخلاف لاہور،کوئٹہ میں دھرنے دیئے گئے، مہنگائی ،بے روزگاری ،سودی نظام کیخلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مینار پاکستان لاہور پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ،جبکہ کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی کی قیادت میں احتجاجی دھرنے دئیے گئے ۔ مظاہرین نے حکومتی ملک دشمن پالیسیوں ،پیٹرولیم ،بجلی ،گیس ،اشیا خوردو نوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی چوروں کے کلب ممبران کو سمندر میں ڈبونے سے آئے گی ۔ پی ٹی آئی حکومت سابقہ ناکام حکومتوں کی فہرست میں سر فہرست آگئی ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر خاندانی آمریت ہونے سے پارٹیاں وراثتوں پر چل رہی ہیں ۔ جماعت اسلامی کے علاوہ کسی سیاسی کارکن کوکسی سیاسی منصب پر فائز ہونے کا کوئی حق حاصل نہیں ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جو پنجاب حکومت ساڑھے تین سال میں ایک موریہ پل منصوبہ مکمل نہ کروا سکی اس صوبے کے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو نمبر ون قرار دینا پہلی پوزیشن کی توہین ہے۔موجودہ سابقہ حکمرانوں نے نہ صرف قومی خزانے کو بھی بے دردی سے لوٹا بلکہ لاہور شہر کو مسلسل کے گرداب میں پھنسا دیا ہے ۔
مہنگائی، بیروزگاری، جماعت اسلامی کے لاہور، کوئٹہ میں دھرنے
Feb 21, 2022