ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا اعلان ایک نئی ڈیل کے لیے سودے بازی کی ایک اور کوشش اور چال ہے۔ جس میں اپوزیشن کو ناکامی ہوگی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور پارلیمنٹ میں ان کے اتحادی مل کر اپوزیشن رہنماؤں کی احتساب سے بچنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا جیسا کہ وزیراعظم عمران خان مسلسل کہہ رہے ہیں کہ این آر او کا امکان صفر ہے۔ اپوزیشن جو مرضی کرلے این آر او نہیں ملے گا۔ قبل ازیں ملتان میں این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مختلف استقبالیہ تقریبات‘ وفود سے ملاقات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں احتساب سے بچنے کیلئے اکٹھی ہو رہی ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی اکٹھی ہو جائیں اپوزیشن کو اپنے ایجنڈے میں ناکامی ہوگی۔ اقتدار سے باہر بیٹھی ہوئی جماعتوں کو انتظار کرنا ہوگا۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔ انہوں نے کہا پی پی ن لیگ دونوں نے عوام کو مایوس کیا۔ عوام کا جھوٹے نعروں سے پیٹ نہیں بھرسکتا۔ عوام کو ’’مسٹر ٹین پرسنٹ‘‘اور علاج کے بہانے بیرون ملک فرار ہونے والی قیادت قبول نہیں۔ عوام جان چکے ہیں دونوں جماعتیں اقتدار ہو تو پاکستان اور اقتدارکے بعد بیرون ملک ان کی منزل ہوتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اقتدار میں بھی عوام کے ساتھ ہیں اور اقتدار کے بعد بھی عوام کے ساتھ ہونگے۔ عوام اب ان لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ عوام اپوزیشن کی کال پر سڑکوں پر نہیں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کرپشن اور لٹیروں کے خلاف جنگ کررہی ہے۔ اپوزیشن کی سیاست مفادات اور اقتدار کی سیاست ہے۔ تحریک انصاف کو اقتدار کی ہوس نہیں۔ ہم کرپٹ اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ملک اور قوم کیلئے سیاست کررہے ہیں۔ ہم ایسے نظام کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جس میں کرپشن کی دلدل نہ ہو۔ ہم وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پیکج کے تحت اس سیکٹر پر 300 ارب روپیہ خرچ کررہے ہیں اسی طرح ہم نے گندم، کماد، کپاس وغیرہ کی امدادی قیمت خرید میں اضافہ کیا جس سے کاشتکاروں کو گزشتہ سال 1100 ارب روپے کی اضافی آمدنی حاصل ہوئی۔
شاہ محمود قریشی
حکومت مدت پوری کریگی عدم اعتماد کا شور نئی ڈیل کیلئے سودے بازی شاہ محمود
Feb 21, 2022