اسلام آباد، فیصل آباد (خبرنگار خصوصی، نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے 139ممالک میں مہنگائی کے اعتبار سے سب سے سستا ملک ہے۔ اتوار کو اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر نمبیو کے تازہ ترین کاسٹ آف لیونگ انڈیکس کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 139ممالک میں سب سے سستا ملک ہے، دنیا کے سب سے بڑے لاگت کے ڈیٹا بیس نمبیو کے مطابق پاکستان میں اوسطاًً چار افراد پر مشتمل خاندان کا خرچہ تقریباً 171,783.24 روپے ماہانہ (بغیر کرائے کے) ہے جبکہ ایک فرد کے تخمینہ ماہانہ اخراجات 51,798.76 روپے (بغیر کرایہ کے) ہیں۔ ڈیٹا بیس نے اندازہ لگایا ہے کہ پاکستان میں رہنے کی لاگت اوسطاًً امریکہ کے مقابلے میں 71.52فیصد کم ہے۔ سیب 170 روپے فی کلو، سنگترہ 115.29 روپے فی کلو، ٹماٹر 77.86 روپے فی کلو، آلو 55.16 روپے فی کلوگرام ہے۔ پانی کی ڈیڑھ لیٹر کی بوتل 61.01 روپے، اور سگریٹ 20پیک مارلبورو 250 روپے ہے۔ نقل و حمل میں نمبیو ڈیٹا بیس نے یک طرفہ ٹکٹ (لوکل ٹرانسپورٹ) کی اوسط قیمت 40 روپے، ٹیکسی سٹارٹ نارمل ٹیرف 150 روپے، ٹیکسی فی کلومیٹر نارمل ٹیرف 36.61 روپے، اور ٹویوٹا کرولا سیڈان نئی کار کا تخمینہ 32 لاکھ 40 ہزار روپے لگایا ہے۔ اسی طرح 85ایم 2 اپارٹمنٹ کے لیے بنیادی سہولیات (بجلی، حرارتی، کولنگ، پانی، کچرا) کی قیمت تقریبا 11,425,43 روپے ماہانہ ہے، ایک منٹ کے پری پیڈ موبائل ٹیرف لوکل کی قیمت2.67 روپے ہے، جو کہ انٹرنیٹ لامحدود ماہانہ ڈیٹا 3,596.98 روپے، جینز کا ایک جوڑا لیویز یا اس سے ملتے جلتے 2,527 روپے، چین اسٹور میں سمر ڈریس 3,980روپے، نائکی چلانے والے جوتوں کا جوڑا درمیانی رینج 8,412 روپے، اور مردوں کے چمڑے کے کاروبار کے جوتوں کا ایک جوڑا 5,628 روپے ہے۔ اسی طرح نمبیویو ڈیٹا بیس کے مطابق پاکستان میں سٹی سینٹر میں اپارٹمنٹ 1 بیڈروم کا ریٹ اوسطاً فی مربع فٹ 20,341 روپے، اپارٹمنٹ 1 بیڈروم سینٹر سے باہر 12,999.81روپے، سٹی سینٹر میں اپارٹمنٹ3 بیڈروم روپے 45,441، اور اپارٹمنٹ3 بیڈروم سینٹر کے باہر 28,861 روپے ہے۔ سٹی سینٹر میں اپارٹمنٹ خریدنے کے لیے فی مربع میٹر کی قیمت لگ بھگ 131,744 روپے ہے جبکہ سٹی سینٹر سے باہر فی مربع میٹر اپارٹمنٹ کی اوسط قیمت73,749 روپے ہے۔ نمبیو ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اسے گزشتہ 12 مہینوں میں794 مختلف شراکت داروں سے تقریباً 10285 اندراجات موصول ہوئے۔ ویب سائیٹ کے مطابق ہر ملک کے لیے ہمارا ڈیٹا اس ملک کے تمام شہروں کی تمام اندراجات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعدادوشمار کو آخری بار موجودہ مہینے میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔ دریں اثناء ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کی طرز پر عوام کو با اختیار بنانے کے اپنے نصب العین پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کیلئے صحت کارڈ، احساس پورٹل جیسی کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے بھی کئی اقدامات کئے ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے یقین دلایا کہ ڈی ایل ٹی ایل کا نوٹیفکیشن ایک ہفتہ تک جاری کر دیا جائے گا جو یکم جولائی 2021سے نافذ العمل ہو گا اور اس نوٹیفکیشن سے 45ارب روپے کے زیر التواڈی ایل ٹی ایل کلیمز کی ادائیگی کی جا سکے۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خزانہ نے ٹیکس کے ری فنڈ کلیمز جو سیکشن 66کے تحت زیر التواہیں ان کی ادائیگی کیلئے بھی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی وزیر خزانہ نے آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عارف احسان ملک کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے ایس ایم ای سیکٹر کے مسائل کو انتہائی توجہ سے سنا اورفیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایپبوما کے پلیٹ فارم سے اس سیکٹر کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس میٹنگ کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے آئندہ تین ہفتوں کے دوران ایک اور میٹنگ کریں گے تاکہ ان معاملات کو ایپبوما کی تسلی کے مطابق حل کیا جا سکے۔
شوکت ترین
رہائشی اخراجات پاکستان 139ممالک سے سستا امریکہ کے مقابلے 71.52فیصد کم شوکت ترین
Feb 21, 2022