90زرداری فضل الرحمن ملاقات آج حکمرانوں سے جلد جان چھوٹ جائے گی سربراہ پی ڈی ایم 

Feb 21, 2022

اسلام آباد‘لاہور‘ ہنگو(خبر نگار+خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات طے ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری آج مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن، آصف علی زرادری کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشاورت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں حکومتی اتحادیوں سے رابطوں سے متعلق تبادلہ خیال ہوگا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوگی۔ علاوہ ازیں ہنگو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے دھاندلی کرکے حکومت حاصل کی، لیکن بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا اصل چہرہ نظر آیا۔ کہاں گئے وہ جو کہتے تھے کہ 50 لاکھ گھر دیں گے۔ آپ نے 50 لاکھ گھر دیئے نہیں بلکہ گرائے ہیں۔ قیام پاکستان سے اب تک دی گئی نوکریوں کی تعداد ایک کروڑ نہیں۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث یہ دن آیا کہ  لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پر مجبور ہیں، مہنگائی کے باعث مریض ادویات نہیں لے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوکریوں کی بات کرکے قوم کو بھکاری بنانے والوں کا انجام قریب ہے، ان کا کھیل ختم ہوچکا، اب انقلاب آئے گا اور نااہل حکمرانوں سے جلد جان چھوٹ جائے گی۔ قوم کو نعروں کے ذریعے بے وقوف بنایا گیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ایک قوت نے ہاتھ ہٹایا تو ہر طرف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ریاست مدینہ کا نام لیکر اصل ریاست مدینہ کا چہرہ مسخ کرنے کی سازش کی گئی۔ مملکت کے اجتماعی نظام میں قران و سنت کیلئے علماء کا ہونا ضروری ہے۔ عمران خان کو لانے والے اپنا منہ چھپا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نظریاتی لوگ ہیں، ہم مغربی اور یہودی تہذیب کے خلاف صف آرا ہیں، ہمیں اربوں روپے کی پیشکش کی گئی، کہا گیا کہ آپ پیسے لیں اور اپنے لوگوں میں پیسے تقسیم کریں، میں نے وقتی مفاد اور پیسے کے لیے اپنے نظریات، اپنے عقائد کو بیچنے اور اپنے دین و ایمان سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا۔ میں نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے یہ رشوتوں کی پیشکش ٹھکرائی تو ہمیں کہا گیا کہ پیسا آئے گا، لوگوں میں تقسیم ہوگا، تمام مولوی پیسے لیں گے اور تم تنہا رہ جاؤ گے۔ میں نے پیشکش کرنے والوں کو کہا کہ میں آپ کے اس چیلنج کو قبول کرتا ہوں، میں نے ان کا چیلنج قبول کیا اور الحمدللہ آج خیبر سے کراچی تک ہمارے لوگ ہمارے ساتھ ہیں، پیسے کے لالچ میں کوئی ہمیں چھوڑ کر نہیں گیا۔مزید برآں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ اور صوبائی امراء و نظماء کا مشترکہ اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال  پر بھی غور کیا جائے گا۔ یہ باتیں مولانا محمد امجد خان اور محمد اسلم غوری نے یہاں بتائیں۔

فضل الرحمن

مزیدخبریں