پنجاب ترقی کے نئے دور میں داخل ہوچکا عثمان بزدار پتنگ بازی پر شدید برہم

Feb 21, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا دبئی کا دورہ  کامیاب رہا۔ وزیر اعلیٰ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک سے ملاقات کی۔ اس  دوران لاہور میں مبارک سینٹر کی تعمیر کی بحالی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پنجاب حکومت مبارک سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں تعمیراتی شعبے میں 60 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری ہو گی۔ منصوبے کی تکمیل سے بین الاقوامی کرکٹ ٹیمز کیلئے رہائش فراہم ہو سکے گی۔ دبی گروپ اورحکومت پنجاب لاہور کی  بلند ترین عمارت بنانے جارہے ہیں۔ 60ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا مبارک سینٹر حقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے سپیشل اکنامک زون بن رہے ہیں۔ دریائے راوی کے کنارے بسنے والا نیا پراجیکٹ گیم چنیجر بھی اور لاہور میں نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہوگا۔ والٹن پر سینٹر ل بزنس ڈسٹرکٹ کا منصوبہ بھی کامیابی سے شروع ہوچکا ہے۔  لاہور سمیت پنجاب پائیدار ترقی کے نئے دور میں داخل ہوچکا ہے۔ سرمایہ کاروں اور خاص طورپر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے وزیراعلیٰ سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دبئی سے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واضح ہدایات کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات کا ہونا کسی صورت برداشت نہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام سماجی انصاف، مساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ نے انسانیت کے ساتھ ہر لحاظ سے انصاف کرنے کا لافانی پیغام دیا ہے۔ سماجی انصاف کے بغیر فلاحی معاشرے کی تشکیل کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ جن معاشروں میں سماجی انصاف ناپید ہوجائے وہ مٹ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے سماجی ناانصافی کے باعث کشمیری عوام کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔
عثمان بزدار

مزیدخبریں